For English Click
پاکستان گرین نے ایران، پاکستان وائٹ نے بھارت کو شکست دے دی
لاہور: جنوری2019ء۔ سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام انٹرنیشنل کبڈی ٹاکرا کے دوسرے روز جمعہ کو ساہیوال میں دو میچز کھیلے گئے۔
پہلے میچ میں پاکستان گرین نے ایران اور دوسرے میچ میں پاکستان وائٹ نے بھارت کوشکست دیدی، ظفرعلی سٹیڈیم میں ہزاروں شہریوں نے میچز دیکھے، شائقین کبڈی نے کھلاڑیوں کو بھرپور داد دی، سٹیڈیم پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونجتا رہا، میچ کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور تھے۔
اس موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے کہا کہ شائقین کبڈی نے میچز میں شرکت کرکے ثابت کردیا ہے کہ پاکستانی قوم سپورٹس سے محبت کرنے والی قوم ہے، ساہیوال میں بھارت اور ایران کی کبڈی ٹیموں کا کھیلنا بہت بڑی کامیابی ہے، دیگر کھیلوں کی غیر ملکی ٹیموں کو بھی پاکستان لائیں گے اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ویژن کے مطابق روایتی کھیلوں کو عروج پر لے کر جائیں گے، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا ہے کہ کبڈی پنجاب کے گبھرو جوانوں کے خون میں شامل ہے۔
نوجوان سپورٹس کی جانب آئیں انکی قدم قدم پر رہنمائی کی جائے گی،اس موقع پر وزیر زراعت ملک نعمان لنگڑیال، ڈپٹی کمشنر میاں زمان وٹو، ڈائریکٹر سپورٹس حفیظ بھٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر شاہد نظامی، ڈائریکٹر ٹورنامنٹ شاہد فقیر ورک، پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری رانا سرور و دیگر بھی موجود تھے۔
تفصیلات کے مطابق سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام ہونے والے انٹر نیشنل کبڈی ٹاکرا کے دوسرے روز جمعہ کو ساہیوال کے ظفر علی سٹیڈیم میں پاکستان کی ٹیموں نے بھارت اور ایران کی ٹیموں کے خلاف میچز کھیلے، پہلے میچ میں پاکستان گرین کے گبھرو جوانوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایران کی ٹیم کو 3 پوائنٹس سے شکست دی، پاکستان گرین کے کھلاڑیوں نے خوبصورت کھیل پیش کرتے ہوئے 38پوائنٹس حاصل کئے جبکہ ایران کی ٹیم 35پوائنٹس حاصل کرسکی۔
سٹیڈیم میں موجود ہزاروں تماشائیوں نے بہترین کھیل پیش کرنے پر کھلاڑیوں کو بھرپور داد دی ، دوسرا میچ پاکستان وائٹ اور بھارت کی ٹیم کے درمیان کھیلا گیا جس میں پاکستان وائٹ نے بھارت کو 38-30سے ہرادیا۔